حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کے اہل خانہ نے رہبر معظم انقلاب، ملک کے اعلیٰ حکام، مختلف اداروں اور عوام کی جانب سے تعزیتی پیغامات بھیجنے، تشییع جنازہ اور مجالسِ ترحیم میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کے اہل خانہ نے اپنے پیغام میں ان کے انتقال پر اظہارِ تعزیت پیش کرنے والوں بالخصوص رہبر معظم انقلاب، تینوں ریاستی اداروں کے سربراہان، حکومت، دیگر حکام، ملک کے مختلف شہری و فوجی اداروں، ثقافتی و تبلیغی تنظیموں، بالخصوص قم اور زنجان کے حکام اور اداروں نیز ایران کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَیٰ نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ یَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِیلًا۔
مومنین میں ایسے مرد بھی ہیں جنہوں نے اللہ سے کیے گئے عہد کو سچ کر دکھایا؛ ان میں سے بعض اپنا عہد پورا کر چکے ہیں اور بعض انتظار میں ہیں، اور انہوں نے اپنے عہد میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کے اہل خانہ اس جلیل القدر فقیہ کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے، رہبر معظم انقلاب، تینوں ریاستی اداروں کے محترم سربراہان، معزز کابینہ، دیگر حکام و ذمہ داران، ملک کے مختلف شہری و فوجی اداروں، ثقافتی و تبلیغی تنظیموں، بالخصوص قم اور زنجان کے محترم حکام اور مختلف اداروں، نیز ایران کے تمام شریف عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ان تمام حضرات نے تعزیتی پیغامات بھیج کر، آخری رسومات اور مجالسِ ترحیم میں شرکت کرکے فقاہت اور مرجعیت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ کے غم میں شریک ہوکر ان کے دلوں کو تسلی دی۔
ہم بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہیں کہ وہ سب کو اسلام اور ایران کے شریف و مؤمن عوام کی مخلصانہ خدمت کی راہ میں مزید کامیابیوں سے نوازے۔










آپ کا تبصرہ